قاہرہ ( فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) عرب لیگ نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ وہ فلسطین پر اسرائیل کاغیرقانونی اور ناجائز تسلط ختم کرانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق عرب لیگ کی جانب سے ’42 ویں یوم الارض‘ کے موقع پر جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل نے فلسطین پر ناجائز اور غیرقانونی تسلط قائم کر رکھا ہے۔ فلسطینی قوم اپنے حقوق کے حصول کی جائز اور قانونی جدو جہد کررہے ہیں۔ اسرائیل فلسطینیوں کے حقوق دبانے کے ساتھ ساتھ انہیں کچلنے کے لیے طاقت کا اندھا دھند استعمال کررہا ہے۔عرب لیگ نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ اسرائیل کو فلسطینیوں کے خلاف جاری انتقامی کارروائیوں سے باز رکھے اور بین الاقوامی قراردادوں، سلامتی کونسل اور اقوام متحدہ کی قراردادوں ے مطابق مسئلہ فلسطین کا دیرپا حل نکالا جائے۔
بیان میں زور دیا گیا ہے کہ امن و آشتی پر یقین رکھنے والے ممالک بالخصوص سلامتی کونسل کے مستقل ارکان اسرائیل پر فلسطینیوں کو اجتماعی سزائیں دینے سے روکنے کے لیے دباؤ ڈالیں۔ فلسطینی اراضی پر غاصبانہ قبضہ ختم کرانے ،غز کی پٹی کا محاصرہ ختم کرانے، فلسطینیوں کی جبری گھر بدری اور ان کی اراضی پر غاصبانہ قبضوں کا سلسلہ بند کرائیں۔