(روزنامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) عرب ممالک کی نمائندہ تنظیم عرب لیگ نے عالمی برادری سے بیت المقدس کی حفاظت کے لیے قدم اٹھانے کا مطالبہ کردیا۔عالمی برادری اسرائیلی جارحیت کے مقابلے میں مسجد اقصی کے تحفظ کی ذمہ داری ادا کرے۔
تفصیلات کے مطابق عرب لیگ کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل سعید ابوعلی کی جانب سے جاری ایک پریس ریلیز میں حالیہ دنوں میں یہودی آباد کاروں کی جانب سے بار بار مسجد اقصی کی پامالی،اسرائیل کی جانب سے جنگی جرائم کے ارتکاب اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اسرائیلی جارحیت سے مسجد اقصی کو محفوظ رکھنے کے لیے اور اسرائیل کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کا پابند کرنے کے لیے عالمی برادری کو اپنا بھر پور کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔
سعید ابو علی کا مزید کہنا تھا کہ عالمی انصاف کی مسلسل عدم موجودگی نہ صرف اسرائیلی ریاست کے حوصلے بڑھارہی ہے بلکہ اسرائیلی ریاست اب دیدہ دلیری سے فلسطینیوں کے خلاف جرائم کا ارتکاب کر رہی ہے۔
