(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) رپورٹ کے مطابق صہیونی فوج نے سوموار کو علی الصباح غزہ کی پٹی میں حماس کے ایک تربیتی کیمپ پر فضائی حملہ کیا ہے۔صہیونی فوج نے ایک بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ یہ بمباری فلسطینیوں کے راکٹ حملے کے جواب میں کی گئی ہے۔
صہیونی فوج نے سوموار کو ٹویٹر پر اپنے سرکاری اکاؤنٹ پر اطلاع دی ہے کہ ”اتوار کی شب غزہ کی پٹی سے ایک راکٹ فائر کیا گیا تھا اور یہ اسرائیل کے جنوبی علاقے کی جانب گرا تھا لیکن اس سے کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا تھا”۔رپورٹ کے مطابق 2014ء میں جنگ کے خاتمے کے بعد سے غزہ کی پٹی سے اسرائیلی علاقے کی جانب کم سے کم تیس راکٹ فائر کیے جاچکے ہیں۔صہیونی فوج نے غزہ کی حکمراں اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) پر ان تمام راکٹ حملوں کا الزام عائد کیا ہے حالانکہ ان میں سے بہت سے راکٹ فلسطین کی دوسری مزاحمتی تنظیموں نے چلائے تھے۔
