(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی فوج کی اعلیٰ قیادت نے ایک نئے حکم نامے میں موبائل فون پر کھیلے جانے والے مشہور آن لائن گیم’پوکیمون‘ کے کھیلنے پر سختی سے پابندی عاید کردی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی وزارت دفاع اور وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ نئے حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ’’پوکیمون‘‘ نامی گیم دہشت گردی مخالف سرگرمیوں کے لیے نقصان دہ ہے۔ اس کے علاوہ اس گیم کی مدد سے دشمن جاسوسی بھی کرسکتا ہے۔ اس لیے فوج اور دنیا بھر میں تعینات اسرائیل کا سفارتی عملہ پوکیمون گیم کھیلنے سے سختی سے گریز کرے۔رپورٹ میں بتایا ہے کہ وزارت دفاع اور فوج کے شعبہ سراغ رسانی کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ ’’پوکیمون‘‘ گیم کا فوجی اڈوں میں کھیلا جانا کئی طرح کے خطرات کا موجب بن سکتا ہے۔ اس گیم کی مدد سے دشمن حساس معلومات چوری اور فوج کے بیانات چرا سکتے ہیں۔
وزارت دفاع کے بیان کے بعد فوج کی جانب سے تمام یونٹوں کو انتباہی نوٹس جاری کیے گئے ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ فوجی اڈوں پر ’’پوکیمون‘‘ گیم کھیلنے سے سختی سے گریز کیا جائے کیونکہ اس گیم کی آڑ میں دشمن اپنے مقاصد حاصل کرسکتا ہے۔ اسی طرح کا ایک نوٹس تمام سفارت خانوں اور قونصل خانوں کے عملے کو بھی جاری کیا گیا ہے۔