مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) تل ابیب میں ہزاروں فلسطینیوں اور یہودیوں نے صیہونی حکومت کی نسل پرستانہ پالیسیوں اور فلسطینیوں کے گھروں کو ڈھائے جانے کے خلاف مظاہرہ کیاہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ہزاروں فلسطینیوں اور یہودیوں نے تل ابیب میں احتجاجی مظاہرہ کرکے صیہونی حکومت کی نسل پرستانہ پالیسیوں سے اپنی نفرت و بیزاری کا اعلان کیا اور فاشیزم کے خلاف مشترکہ جد و جد کا مطالبہ کیا۔اس مظاہرے میں ام الحیران اور نقب کے فلسطینیوں اور یہودیوں نے پرزور شرکت کی۔ مظاہرین نے گذشتہ مہینے ام الحیران دیہات کو خالی کرانے کے لئے صیہونی حکومت کے داخلی سلامتی کے وزیرگیلعاد اردان کے ہاتھوں انجام پانے والے جرائم کی شدید مذمت کی۔ ایک فلسطینی ٹیچر یعقوب ابو القیعان اٹھارہ جنوری کو ام الحیران میں صیہونی حکومت کی پولیس کی براہ راست فائرنگ میں شہید ہوگیا تھا۔
اس احتجاجی مظاہرے میں انسانی حقوق کے تقریبا بیس اداروں اور تنظیموں کے اراکین نے شرکت کی۔