اسرائیلی حکومت نے یورپی ممالک کی جانب سے متنازعہ مصنوعات پر خصوصی ٹیگ لگانے کے رد عمل میں یورپی ملکوں کے خلاف انتقامی کارروائی شروع کی ہے اور فلسطینی اتھارٹی کے زیرانتظام علاقوں میں جاری یہودی ترقیاتی منصوبوں پرکام رکوا دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزارت خارجہ کے ایک سینیر عہدیدار نے بتایا ہے کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں تیار ہونے والی مصنوعات پر بائیکاٹ کا ٹیگ لگانے والے چھ یورپی ملکوں کے فلسطینی اتھارٹی کے زیرانتظام علاقوں میں جاری منصوبوں کو معطل کردیا گیا ہے۔ ان ملکوں کے مندوبین فلسطینی علاقوں میں اپنے منصوبوں تک رسائی حاصل نہیں کرسکتے ہیں۔وزارت خارجہ کے عہدیدار نے بتایا کہ یورپی یونین کے ممبر ممالک میں سویڈن، بیلجیم، آئرلینڈ، فرانس، لوکمسبرگ اور مالٹا کو فلسطینی اتھارٹی کے علاقوں میں اپنے منصوبے جاری رکھنے سے روک دیا گیا ہے۔
صہیونی عہدیدار کا کہنا ہے کہ مذکورہ تمام ممالک مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں قائم اسرائیلی فیکٹریوں میں تیار ہونے والی مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم میں پیش پیش رہے ہیں۔ اسرائیل کو بھی جوابی اقدام کا حق حاصل ہے اور اسی انتقامی کارروائی کے طورپر ان ممالک کو مغربی کنارے میں جاری اپنے منصوبوں کو آگے بڑھانے سے روک دیا گیا ہے