رپورٹ کے مطابق احمد دوابشہ کی عمر چار سال ہے۔ اسے پچھلے سال مئی میں انتہا پسند یہودیوں نے اس کے خاندان سمیت زندہ جلانے کی گھناؤنی سازش کی تھی، جس کے نتیجے میں احمد کے ماں باپ اور ایک چھوٹا شیرخوار بھائی زندہ جل گئے تھے۔ احمد بھی بری طرح جھلس گیا تھا مگرکئی ماہ تک اسپتال میں زیرعلاج رہنے کے بعد اب اس کی حالت بہتر ہے۔
رپورٹ کے مطابق احمد دوابشہ کو اسپین کے فٹ بال کلب ’’ریال میڈریڈ‘‘ کی دعوت پر اسپین بلایا گیا ہے۔ اسپین میں تین روزہ قیام کے دوران وہ معروف فٹ بالر رونالڈو سے بھی ملاقات کرے گا۔ احمد دوابشہ اور رونالڈو کے درمیان ملاقات کے لیے 18 مارچ کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔
اسپین کے سفرمیں احمد کے ہمراہ اس کے چچا نصر دوابشہ گئے ہیں۔ انہوں نے ’’ریال میڈریڈ فٹ بال کلب‘‘ اور اسپین کے فٹ بال شائقین کا خصوصی شکریہ ادا کیا جن کی مسلسل مساعی کے نتیجے میں احمد کا دورہ اسپین اور رونالڈو سے ملاقات ممکن ہوئی ہے۔
خیال رہے کہ ریال میڈریڈ فٹ بال کلب کے شائقین اور سماجی کارکنوں نے احمد دوابشہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے سوشل میڈیا پرایک مہم شروع کی تھی، جس میں اس کے دورہ اسپین اور پرتگالی فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو سے ملاقات کا بھی مطالبہ کیا گیا تھا۔ رونالڈو نے احمد دوابشہ کے ساتھ ملاقات کا وقت دے دیا ہے۔
فلسطینی فٹ بال فیڈریشن کے چیئرمین جبریل الرجوب کا کہنا ہے کہ اسپین کا ریال میڈریڈ فٹ بال کلب شہرہ آفاق فٹ بال کلب ہے۔ اسی کی خصوصی دعوت اور کوششوں سے احمد دوابشہ کو اسپین بھیجا گیا ہے۔
