صفاقس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) تیونس کی ایک انجینیرنگ یونیورسٹی کی جانب سے شہید محمد الزواری کے لیے بعد از شہادت ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری جاری کی گئی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق دسمبر کے وسط میں صفاقس شہر میں نامعلوم افراد کے قاتلانہ حملے میں شہید ہونے والے تیونس کے سابق فلائیٹ انجینیر اور اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے ڈرون کے خالق کو ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری تیونس کی انجینیرنگ یونیورسٹی کی جانب سے جاری کی گئی ہے۔تیونسی یونیورسٹی کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سابق فلائیٹ انجینیر شہید محمد الزواری کو یہ اعزازی ڈگری ان کی جانب سے ریموٹ کنٹرول کے ذریعے چلنے والی آبدوز کی تیاری کے تخیل کی بناء پر جاری کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ تیونس کے ایک سابق فلائیٹ انجینیر محمد الزواری کو 15 دسمبر کو تیونس کے شہر الصفاقس میں نامعلوم افراد نے ان کی رہائش گاہ کے باہر گاڑی میں بیٹھتے ہوئے گولیاں مار کر شہید کردیا تھا۔ اس واقعے کے بعد حماس نے دعویٰ کیا تھا کہ شہید الصفاقس جماعت کے عسکری ونگ عزالدین القسام شہید بریگیڈ کا اہم رکن اور جماعت کا ابابیل ڈورن طیاروں کا خالق ہے۔ اسے صہیونی ریاست کے بدنام زمانہ خفیہ ادارے’موساد‘ کے ایجنٹوں نے شہید کیا ہے۔
الزواری کے تیار کردہ ڈرون طیارے حماس نے سنہ 2014ء کی جنگ میں صہیونی ریاست کے خلاف جاسوسی کے مقاصد کے لیے استعمال کیے تھے اور یہ طیارے غزہ سے بیت المقدس تک پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتے تھے۔ بعد ازاں ڈرون طیاروں کو مزید اپ گریڈ بھی کیا گیا تھا جس کے بعد ان کی صلاحیت اور استعداد کار میں مزید اضافہ ہوگیا تھا۔