مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے صہیونی ریاست میں داخلی سلامتی کے ذمہ دار ادارے’شاباک‘ کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ماہرین نے اسرائیل پر اب تک کا سب سے بڑا’سائبرُ حملہ ناکام بنایا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی اخبار’یدیعوت احرونوت‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ خفیہ ادارے’شاباک‘ کےماتحت سائبر یونٹ نے حال ہی میں اسرائیل پر ایک بڑا سائبرحملہ ناکام بنانے میں کامیابی حاصل کی ہے۔شاباک کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بھی کہا گیا ہے کہ خفیہ ادارے کے سائبر سیل نے ایک غیرملکی سائبر حملہ آور کو اسرائیل کی حساس معلومات تک رسائی میں ناکام بنا دیا۔ رپورٹ کے مطابق ہیکر اسرائیلی ریڈیو اور ٹیلی ویژن نیٹ ورک کو ہیک کرنا اور اسرائیلی عوام میں بدنظمی پھیلانے کی کوشش کررہے تھے مگر ان کی سازشوں کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نامعلوم غیرملکی ہیکروں نے کئی گھنٹے کی مسلسل کوشش کے بعد کئی اہم اداروں کے نیٹ ورک میں نقب لگانے کی کوشش کی تھی۔ اس دوران جیسے ہی ہیکروں نے اپنی کارروائی محدود کی تو شاباک کے سائبر ماہرین نے غیرملکی ہیکروں کے خلاف بھرپور کارروائی کی اور ان کی ہیکنگ کی سازش کو بری طرح ناکام بنا دیا۔