ترکی کے وزیر خارجہ احمد داؤد اوگلو کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز مصر سرحد پر حملے میں سولہ مصری فوجیوں کی شہادت کا سانحہ قابل افسوس ہے، تاہم اس طرح کے قدیم حربوں سے مصری قوم کو بے وقوف نہیں بنایا جا سکتا۔
سماجی روابط کی ویب سائٹ ’’فیس بک‘‘ کے اپنے پیج پر پیر کی صبح اوگلو نے کہا کہ مصر کے صحرائے سینا میں دھماکے مصر میں اسرائیل نواز حسنی مبارک کی حکومت کے خاتمے کے بعد مصریوں کو بے وقوف بنانے کی ایک کوشش ہے، اس حملے کا الزام ایسی اسلامی جماعتوں پر لگایا جا رہا ہے جن کا خطے میں وجود ہی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل پر لازم ہے کہ وہ خطے میں آنے والے نئے اسلامی نظام کو تسلیم کرے۔ اس کو چاہیے کہ مصر کے نئے نظام میں خلل ڈالنے اور خطے میں نئی جنگ شروع کرنے کے بجائے ذمہ داری کا ثبوت دے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین