مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیل میں قائم امریکی سفارت خانے کو تل ابیب سے مقبوضہ بیت المقدس منتقل کرنے پر غور کے لیے امریکی کانگریس کا ایک اعلیٰ سطحی وفد اسرائیل پہنچا ہے جو اسرائیلی حکام سے اس حوالے سے بات چیت کرے گا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیل کے جنرل عبرانی ریڈیو کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکی کانگریس کا ایک اعلیٰ اختیاراتی وفد جمعہ کے روز تل ابیب پہنچا تھا جہاں اس نے اسرائیلی حکام بات چیت شروع کی ہے۔اسرائیلی پارلیمنٹ کے انتہا پسند رکن اور مذہبی شدت پسند یہودا گلیک نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ’فیس بک‘ پر پوسٹ کردی ایک بیان میں بتایا کہ امریکی کانگریس دو روزہ دورے پر پہنچا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکی کانگریس کا وفد وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو اور دیگر اعلیٰ شخصیات سے بات چیت کرے گا۔ مذاکرات میں فلسطین۔ اسرائیل امن بات چیت کے امکانات بالخصوص امریکی سفارت خانے کی بیت المقدس منتقلی کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔
خیال رہے کہ امریکا کے نئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم کے دوران وعدہ کیا تھا کہ وہ اقتدار میں آکر اسرائیل میں قائم امریکی سفارت خانہ تل ابیب سے مقبوضہ بیت المقدس منتقلی کا اعلان کروں گا۔ انہوں نے بیت المقدس کو اسرائیل کا مستقل دارالحکومت بنانے کا اعلان کیا تھا۔