(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) سعودی عرب کے ایک وفد نے صیہونی حکام سے ملاقات کرنے کے لئے اسرائیل کا دورہ کیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق سعودی عرب کے اسٹریٹیجک ریسرچ سینٹر کے سربراہ اور ریٹائرڈ جنرل انورعشقی کی قیادت میں سعودی عرب کے ایک وفد نے اسرائیل کا دورہ کیا ہے۔سعودی وفد غرب اردن کی گذرگاہ الکرمہ کے راستے مقبوضہ فلسطین پہنچا – خبروں میں بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب کے وفد نے تل ابیب میں اسرائیلی حکام سے اہم علاقائی مسائل پر بات چیت کی ہے۔ سعودی وفد نے رام اللہ میں فلسطینی انتظامیہ کے وزیر اعظم رامی حمداللہ سے بھی ملاقات کی ہے۔
سعودی عرب کے وفد کے سربراہ انورعشقی ماضی میں بھی کئی صیہونی حکام منجملہ صیہونی حکومت کی وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل دوری گولڈ اور صیہونی حکومت کی قومی سلامتی کونسل کے سابق سربراہ یعقوب عمید رور سے الگ الگ ملاقاتیں کرچکے ہیں۔
سیاسی مبصرین انورعشقی کو اسرائیل اور سعودی عرب کے درمیان سرکاری رابطہ کار کے طور پر دیکھتے ہیں۔ واضح رہے کہ موساد کا سابق سربراہ تامیر باردو پہلے ہی کہہ چکا ہے اسرائیل اور سعودی عرب کے درمیان اعلی سطح پرغیرتحریری اسٹریٹیجک تعلقات برقرار ہیں۔