(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطینی گروہوں کے اتحاد نے دہشت گرد گروہ ایم کے او کی سرغنہ سے نام نہاد فلسطینی انتظامیہ کے سربراہ محمود عباس کی ملاقات کی مذمت کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق فلسطینی مزاحمتی گروہوں کے اتحاد نے پیر کی رات ایک بیان میں پیرس میں نام نہاد فلسطینی انتظامیہ کے سربراہ محمود عباس کی ایم کے او دہشت گرد گروہ (منافقین) کی سرغنہ مریم رجوی سے ملاقات کوایک ایسا اقدام قرار دیا ہے جسے سعودی عرب نے ڈکٹیٹ کیا ہے اوراس کا مقصد ایران اور مزاحمت کے محور کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے۔فلسطینی گروہوں کے اتحاد نے اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے فلسطین اور مزاحمت کی مدد و حمایت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے۔ کہ جو ہرعرب ملک سے زیادہ رہی ہے۔ کہا ہے کہ استقامت و مزاحمت کے دشمنوں کی ہدایت پر ایم کے او کی سرغنہ سے محمود عباس کی ملاقات مسئلہ فلسطین پر ایک ضرب ہے- فلسطینی گروہوں کے اتحاد نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جلد بازی میں اٹھائے گئے اس قدم سے نام نہاد انتظامیہ کی سیاسی وابستگی اور اس کی پستی کا اندازہ ہوتا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ نام نہاد فلسطینی انتظامیہ کے سربراہ محمود عباس نے ایک اشتعال انگیز اقدام کے تحت گذشتہ سنیچر کو پیرس میں دہشت گرد گروہ ایم کے او (منافقین) کی سرغنہ مریم رجوی سے ملاقات کی تھی کہ جس کے دہشت گردوں کے ہاتھ ہزاروں شہریوں اور حکام کے خون سے رنگین ہیں۔