مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ فوج کا ایک سینیر افسر جو سنہ 2014ء کی غزہ کی پٹی پر مسلط کی گئی جنگ کےدوران شدید زخمی ہوگیا تھا زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیل کے عبرانی ٹی وی 2 نے اپنی رپورٹ میں عسکری ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ چھاتہ بردار یونٹ کے سربراہ حاگائی بن اریی دو سال تک موت وحیات کی کشمکش میں رہنے کے بعد گذشتہ روز ہلاک ہوگیا۔ ہلاک ہونے والے فوجی افسر کی عمر 33 سال تھی۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مقتول اسرائیلی فوجی اہلکار فوج کی ایلیٹ یونٹ کا بھی حصہ رہ چکا تھا۔
اسے غزہ جنگ کے دوران خان یونس کے مقام پرایک فلسطینی مزاحمت کی طرف سے داغی گئی گولی اس کے سرمیں لگی تھی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا تھا۔ وہ دو سال سے کومے میں تھا۔ گذشتہ روز اس کی موت کی تصدیق کردی گئی ہے۔
خیال رہے کہ جولائی اور اگست 2014ء کو غزہ کی پٹی پر مسلط کی گئی جنگ کے دوران 74 صہیونی فوجی اہلکار اور افسر جہنم واصل ہوئے جب کہ صہیونی جارحیت کے نتیجے میں 2200 سے زاید فلسطینی شہید اور 11 ہزار زخمی ہوئے تھے۔