دمشق (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) شام کے دارالحکومت دمشق میں قائم المزہ فوجی اڈے پر مبینہ اسرائیلی میزائل حملوں میں اسلحہ اور گولہ بارود کی بڑی مقدار تباہ کردی گئی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق شام کے سرکاری میڈیا پر نشرخبروں میں بتایا گیا ہے کہ ہوائی اڈے کو ایک نا معلوم میزائل سے نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں ہوائی اڈے کو غیرمعمول نقصان پہنچا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ المزہ فوجی اڈے پر حملہ اسرائیل کی طرف کیا گیا۔سوشل میڈیا پر شائع کی گئی خبروں میں بتایا گیا ہے کہ المزہ فوجی اڈے پرکم سے کم تین میزائل گرے۔ ان میں سے ایک میزائل فوجی اڈے کے اسلحہ گودام پر گرا ہے جس کے نتیجے میں اسلحہ اور گولہ باردو کو نقصان پہنچا۔
دھماکوں کے فوری بعد ایمبولینسیں اور امدادی ٹیموں کے ارکان المزہ فوجی اڈے کی طرف روانہ ہوگئے۔
ادھر شام میں انسانی حقوق کی رپورٹنگ کرنے والے ادارے’آبزر ویٹری برائے انسانی حقوق کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ المزہ فوجی اڈے پر نامعلوم طرف سے حملہ کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ رات گئے متعدد میزائل المزہ فوجی اڈے پرگرے تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ آیا یہ حملہ کس نے کیا ہے۔ بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ المزہ فوجی اڈے پر حملہ اسرائیل کی طرف سے کیا گیا ہے۔
مغربی دمشق میں واقع المزہ فوجی اڈے پر مبینہ میزائل حملوں کے بعد آس پاس کے شہری خوف زدہ ہوگئے۔ دھماکوں کی آواز دور دور تک سنی گئی اور دھماکوں کے نتیجےمیں فوجی اڈے سے دھواں اور آگ کے شعلے بلند ہوتے دیکھے گئے ہیں۔