مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیل کی فوجی انٹیلی جنس کے سربراہ Herzl Halevi کا کہنا ہے کہ حزب اللہ اور حماس مستقبل قریب میں اسرائیل کے ساتھ کسی بھی عسکری مقابلے کی خواہش مند نظر نہیں آتی ہیں۔ عبرانی زبان کے اخبار "ہآریٹز” کے مطابق ہیلوی نے یہ بات اسرائیلی پارلیمنٹ میں خارجہ امور اور دفاع کی کمیٹی کے اجلاس میں کہی۔
ہیلوی نے مغربی کنارے کی صورت حال سے بھی خبردار کیا جہاں فلسطینیوں نے اگر امید کا دامن چھوڑ دیا تو وہ بپھر کر سامنے آ سکتے ہیں۔ ہیلوی کے مطابق اسرائیلیوں اور فلسطینیوں کے درمیان کسی معاہدے کے طے پانے کی صورت میں بھی اقتصادی ترقی کے لیے اقدامات کیے جانا چاہیں تاکہ سیاسی خلاء سے جنم لینے والی جھنجلاہٹ کو کم کیا جا سکے۔اسرائیل کے ریاستی محاسب کی رپورٹ کے حوالے سے ہیلوی کا کہنا تھا کہ سُرنگوں کے خطرے کو کم جانے بغیر یہ کہا جاسکتا ہے کہ فی الحال اسرائیل کے لیے خطرے کا کوئی وجود نہیں ہے۔
اسرائیلی ریاست کے محاسب نے اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ حکومت کی چھوٹی کابینہ نے غزہ میں انسانی صورت حال کو یکسر نظر انداز کیا اور جنگ کو روکنے کے لیے سیاسی امکانات پر غور نہیں کیا۔
ہیلوی کے مطابق حماس کے زیر انتظام غزہ پٹی کو انتہائی مشکل اقتصادی صورت حال کا سامنا ہے جس نے بحران کی شکل اختیار کر لی ہے۔ ہیلوی نے اندیشہ ظاہر کیا کہ مستقبل میں حماس اور حزب اللہ کا باہمی تعاون دیکھنے میں آ سکتا ہے۔