(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیل کے عبرانی ذرائع ابلاغ نے جرمن اخبارات کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ جرمنی کے خفیہ ادارے اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو سمیت کئی دوسرے ممالک کے سربراہان مملکت کی جاسوسی کرتے رہے ہیں۔
اسرائیل کے عبرانی زبان میں شائع ہونے والے اخبار نے جرمن اخبار’’دیر اسپیگل‘‘ کے حوالے سے بتایا ہے کہ جرمنی کاخفیہ ادارہ ’’بی این ڈی‘‘ اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو کے دفتر کی جاسوسی کرتا رہا ہے۔ بی این ڈی نے اسرائیلی وزیراعظم کے دفترکی جاسوسی کے ساتھ ساتھ کئی دوسرے ملکوں کے سربراہان، ان کے دفاتر اور عالمی تنظیموں کے مراکز کی بھی جاسوسی کی ہے۔جرمن اخبار کا دعویٰ ہے کہ خفیہ ادارے’’بی این ڈی‘‘ نے نہ صرف اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر کی جاسوسی کی بلکہ کئی دوست ملکوں کے اہم اداروں کی بھی سراغ رسانی کی کوشش کی ہے۔ بی این ڈی نے ویانا اور برسلز کی وزرات داخلہ، لندن وزارت دفاع، اقوام متحدہ کے اداروں، عالمی مانیٹری فنڈ[آئی ایم ایف]، اوپیک، امریکی خلائی تحقیقاتی ادارہ ناسا اور امریکی محکمہ دفاع کی بھی جاسوسی کی جاتی رہی ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ برس پوری دنیا میں اس خبر نے تہلکہ مچا دیا تھا کہ امریکا کی خفیہ ایجنسی’’ایف بی آئی‘‘ جرمنی سمیت کئی دوست ممالک کی جاسوسی کرتی رہی ہے۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ امریکی خفیہ ادارہ عالمی ادارہ صحت سمیت کئی بین الاقوامی اداروں کی جاسوسی میں ملوث رہا ہے۔ جاسوسی کا مقصد مختلف ملکوں کے ہاں اسلحے کےحصول کے لیے ہونے والی کوششیں اور دیگر اہداف کی نشاندہی اور معلومات کاحصول بتایا گیا تھا۔
