کویت – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) کویت کے ایک سینیر سفارت کار نے کہا ہے کہ آئندہ دنوں میں اردن کے صدر مقام عمان میں ہونے والی عرب سربراہ کانفرنس کے ایجنڈے میں مسئلہ فلسطین سر فہرست ہوگا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق کویتی سفارت کار اور وزارت خارجہ میں عرب امور کے مشیر عزیز الدیحانی نے ایک بیان میں کہا کہ عمان میں ہونے والی عرب سربراہ کانفرنس میں مسئلہ فلسطین سرفہرست ہوگا۔ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’مسئلہ فلسطین‘ تمام عرب ممالک کے سب سے اہم اور حل طلب مسئلے کے طور پر عرب لیگ کے ایجنڈے میں پہلے ہی سر فہرست ہے۔ آئندہ ایام میں اردن کی میزبانی میں ہونے والے عرب لیگ کے سربراہ اجلاس میں فلسطین کے تنازع کے حل پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
عبدالعزیز الدیجانی نے عرب لیگ کے رکن ممالک کے مندوبین کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عرب ممالک فلسطینی قوم کے حق خود ارادیت کے پرزور حامی ہیں اور وہ جلد از جلد اس مسئلے کا کوئی منصفانہ حل تلاش کرنا چاہتے ہیں۔
قبل ازیں عرب مندوبین کے اجلاس میں عرب لیگ کے کویت میں سفیر احمد البکر،محمد العلاطی، فلاح المطیری، بدر المھلیب اور محمد الزعبی Â شریک تھے۔
کویتی سفارت کار نے کہا کہ عرب ممالک صہیونی ریاست کے ساتھ جاری تنازع کے حل اور مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کے لیے کوششیں تیز کرنے پرمتفق ہیں۔ عمان میں ہونے والے عرب سربراہ اجلاس میں بھی تنازع فلسطین کے حل اور عرب ۔ اسرائیل کشمکش کے خاتمے کی کوششوں کو آگے بڑھانے پر بات چیت کی جائے گی۔
خیال رہے کہ عرب لیگ کا سربراہ اجلاس اس بار اردن کی میزبانی میں ہو رہا ہے۔ اجلاس میں عرب ممالک کے سربراہان سمیت دیگر مندوبین بھی شرکت کریں گے۔