(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی جیل میں اپنی بلا جواز انتظامی حراست کے خلاف تین ماہ سے زائد عرصے تک بھوک ہڑتال کرنے والے فلسطینی اسیر اور صحافی محمد اسامہ القیق نے آہستہ آہستہ چلنا شروع کردیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق القیق کو حال ہی میں الرملہ جیل کی اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں اس نے آہستہ آہستہ چلنے کی کوشش شروع کی ہے۔القیق کے اہل خانہ نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ’فیس بک‘ پر پوسٹ کردہ ایک بیان میں بتایا ہے کہ القیق کو الرملہ جیل کی اسپتال منتقل کیےجانے کے بعد آہستہ آہستہ چلنے کی ہدایت کی گئی ہے اور انہوں نے بہ تدریج چلنا شروع کردیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ القیق روبہ صحت ہیں مگران کی مکمل صحت یابی میں کئی ماہ کا عرصہ لگ سکتا ہے۔
خیال رہے کہ فلسطینی صحافی اور سعودی عرب کے المجد ٹی وی کے نامہ نگار محمد اسامہ القیق نے اپنی بلا جواز گرفتاری اور انتظامی حراست کے خلاف گذشتہ برس دسمبر میں بھوک ہڑتال شروع کی تھی۔ 96 روز تک جاری رہنے والی بھوک ہڑتال کے بعد اسرائیلی حکام اس کی انتظامی حراست میں مزید توسیع نہ کرنے کے اعلان پرمجبور ہوئے اور 21 مئی 2016 ء کو اسے رہا کرنے کی شرط پر بھوک ہڑتال ختم کرانے میں کامیاب ہوئے تھے۔
