تہران (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) ایران کے پارلیمانی اراکین نے فلسطینی عوام کے اسلامی انقلاب کی حمایت میں ایک بل کی منظوری دی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ایران کی پارلیمنٹ یا مجلس شورائے اسلامی کے اراکین نے بدھ کی صبح فلسطینی عوام کے اسلامی انقلاب کی حمایت میں بل کی منظوری دے دی۔ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے اس بل کی منظوری کے بعد پارلیمنٹ کے کھلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے بیت المقدس کو اسرائیل کے دارالحکومت کی حیثیت سے تسلیم کئے جانے کا اعلان، فلسطین کو نقصان پہنچانے کی ایک سازش تھی۔ مجلس شورائے اسلامی میں پاس کئے جانے والے اس بل کی بنیاد پر اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت اس بات کی پابند ہو گی کہ وہ فلسطین کے مستقل دارالحکومت کی حیثیت سے بیت المقدس کی بھرپور حمایت کرے۔