مقبوضہ بیت المقدس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی حکومت نے فلسطینی پناہ گزینوں کے امدادی ادارے’اونروا‘ کی امداد بند کیے جانے کے امریکی اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق عبرانی میڈیا میں آنے والی خبروں میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ امریکا نے اونروا کی امداد بند کر کے بہت اہم قدم اٹھایا ہے۔ امریکا اور اقوام متحدہ کو فلسطینی پناہ گزینوں کی مالی امداد بند کرنے کے ساتھ ساتھ ’اونروا‘ کو بھی مکمل طور پر ختم کردینا چاہیے۔نیتن یاھو نے کہا کہ امریکا کی جانب سے فلسطینی پناہ گزینوں کے فنڈز ختم کرنے کا فیصلہ اہم تبدیلی اور غیرمعمولی اہمیت کا حامل ہے۔ ہم اس کی حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’اونروا‘ ایجنسی عالمی برادری پر بوجھ ہے اور بین الاقوامی برادری کو اس بوجھ کو اتار پھینکنا چاہیے۔
خیال رہے کہ امریکی اخبار ’واشنگٹن پوسٹ‘ نے گذشتہ جمعہ کو اپنی اشاعت میں انکشاف کیا تھا کہ امریکی حکومت نے فلسطینی پناہ گزینوں کی بہبود کے ادارے ’ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی‘ (اونروا) کی امداد مکمل طور پر بند کردی ہے۔