واشنگٹن (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) امریکی قومی سلامتی کے مشیر جون بولٹن نے کہا ہے کہ امریکا کی ‘دہشت گردی کے خلاف جنگ’ کی نئی پالیسی کا دائرہ وسیع کیا گیا ہے۔ نئی اسٹریٹیجی میں ایران، لبنانی حزب اللہ کے ساتھ ساتھ امریکا کا اگلا ہدف فلسطینی تنظیمیں اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” اور اسلامی جہاد کو بھی شامل کیا جائے گا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق وائٹ ہاؤس میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں مسٹر بولٹن کا کہنا تھا کہ انسداد دہشت گردی اسٹریجی کے اہداف اور دائرے میں توسیع وقت کی ضرورت ہے۔ امریکا دہشت گردوں کے خلاف فوجی اور غیر فوجی دونوں طرح کے حربے استعمال کرے گا۔جون بولٹن کا کہنا تھا کہ ہم امریکا کے اندر اور باہر جہاں بھی خطرہ محسوس کریں گے دشمن کو نشانہ بنائیں گے۔ امریکا کی سرحدوں کا دفاع، اس کے بنیادی ڈھانچے کا تحفظ کرنے کے ساتھ ساتھ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دوسرے ممالک کے ساتھ بوجھ تقسیم کیا جائے گا۔