نیو یارک (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اقوام متحدہ میں امریکی مندوب نکی ہیلی نے واشنگٹن اور تل ابیب کے خلاف انسانی حقوق کمشنر کے موقف پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اپنے ایک بیان میں نکی ہیلی نے انسانی حقوق کی ہائی کشمنر میشل بیشلٹ کے بیان کو جانبدارانہ قرار دیا ہے۔اقوام متحدہ کی ہائی کمشنر کے بیان پر تلمائی ہوئی امریکی مندوب نے دعوی کیا کہ میشل بیشلیٹ بھی اپنے پیشرو عہدیداروں کی طرح امریکہ اور اسرائیل مخالف پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔
نکی ہیلی نے کہا کہ امریکہ نے اسی وجہ سے جون دو ہزار اٹھارہ میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل سے علیحدگی اختیار کر لی تھی مگر یہ سلسلہ بند نہیں ہوا۔
خیال رہے کہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کی ہائی کمشنر میشل بیشلیٹ نے عالمی عہدہ سنبھالنے کے بعد جاری کیے جانے والے اپنے پہلے بیان میں امریکہ کی امیگریشن پالیسیوں اور فلسطینیوں کے خلاف صیہونی حکومت کے مجرمانہ اقدامات کو انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔