پیرس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ نے امید ظاہر کی ہے کہ نیا سال فلسطینی قوم کی آزادی اور صیہونی قبضے کے خاتمے کا سال ہوگا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فرانسیسی جریدے لافیگارو کو انٹرویو دیتے ہوئے محمود عباس کا کہنا تھا کہ انہیں امید ہے کہ سن دوہزار سترہ کا سال عدل و انصاف کی بالادستی، فلسطینی عوام کی آزادی اور اسرائیلی قبضے کے خاتمے پر منتج ہوگا۔فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ نے امریکی سفارت خانے کی بیت المقدس منتقلی کے بارے میں کہا کہ، یہ اقدام مشرق وسطی کے امن عمل کو ہمیشہ کے لئے دفن کردے گا۔
انہوں نے یہ بات زور دیکر کہی کہ اگرامریکہ کے منتخب صدر نے امریکی سفارت خانے کو بیت المقدس منتقل کیا تو، اسرائیل فلسطین تنازعے کے حل میں، امریکہ کا کوئی کردار باقی نہیں بچے گا۔
فلسطینی اتھارٹی کے صدر نے پیرس کانفرنس کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ یہ کانفرنس، فلسطین اور اسرائیل کے درمیان امن کا بہترین موقع ہے۔
قابل ذکر ہے کہ فلسطین کے بارے میں پیرس کانفرنس ، اتوار کے روز ہوگی جس میں دنیا کے ستر ممالک اور عالمی اداروں کے نمائندے شرکت کریں گے۔
اسرائیل کے وزیراعظم نے پیرس کانفرنس کو ایک فریب قرار دیا ہے۔
فلسطینی اتھارٹی اور اسرائیل کے درمیان نام نہاد امن مذاکرات، اپریل سن دوہزارچودہ میں صیہونی کالونیوں کی تعمیر اور فلسطینی قیدیوں کے معاملے پر تعطل کا شکار ہوگئے تھے۔