مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے بتایا ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس میں قائم اسرائیلی بلدیہ کے سربراہ نیر برکات نے تجویز دی ہے کہ اسرائیل میں قائم امریکی سفارت خانے کو مرحلہ وار بیت المقدس منتقل کیا جائے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق عبرانی اخبار’یسرائیل ھیوم‘ کے مطابق نیر برکات نے یہ تجویز امریکی حکومت کے سامنے پیش کی ہے جس میں امریکی انتظامیہ سے کہا ہے کہ وہ سفارت خانے کی بیت المقدس مرحلہ وار منتقلی کا اہتمام کریں۔عبرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق نیر برکات نے یہ تجویز اسرائیل کی ’بارایلان‘ Â یونیورسٹی میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی سفارت خانہ یکے بعد دیگرے مرحلہ وار بیت المقدس منتقل کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دانشمندی کا تقاضا ہے کہ ہم امریکی سفارت خانہ یک دم بیت المقدس منتقل کرنے کے بجائے اسے مرحلہ وار بیت المقدس منتقل کرنے کا طریقہ کار اپنائی۔ اس طرح ہم اپنے مقصد میں کامیاب ہوجائیں گے۔
ادھر اسرائیلی وزیر برائے القدس امور ’زئیوف الکین‘ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ چند برسوں سے بیت المقدس کو اسرائیل کا مستقل دارالحکومت بنانے کی بحث زیادہ تیزی کے ساتھ جاری رہی ہے۔ یہ بہتر ہے کہ بیت المقدس پر اسرائیل کی مکمل قانونی بالا دستی قائم ہو اور فلسطینیوں کی القدس پر بالادستی کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہونے دیا جائے۔