مقبوضہ بیت المقدس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی امن مندوب برائے مشرق وسطیٰ جیسون گرین بیلٹ خصوصی دورے پر اسرائیل پہنچے ہیں۔ وہ اسرائیلی حکومت کے ساتھ فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس کے حالیہ بیانات کے تناظر میں صلاح مشورہ کریں گے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق امریکا کے ایک غیرسرکاری ذریعے نے اسرائیلی اخبار ’یسرائیل ہیوم‘ کو بتایا کہ گرین بیلٹ چار اہم ایشوز پر اسرائیلی قیادت کے ساتھ بات چیت کریں گے۔ ان میں صدر ٹرمپ کے اعلان القدس کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال، غرب اردن کو اسرائیل میں ضم کرنے کی سازشوں، فلسطینیوں اور اسرائیل کے درمیان امن مذاکرات کی بحالی کے امکانات اور امریکا کی طرف سے فلسطینی پناہ گزینوں کی امداد کم کرنے کے موضوعات شامل ہوں گے۔امریکی مندوب برائے مشرق وسطیٰ کے دورے کا مقصد امریکی نائب صدر مائیک پنس کے دورے کے لیے ماحول ساز گار بنانا ہے۔
مائیک پنس 20 جنوری کو مشرق وسطیٰ کے دورے پر آ رہے ہیں۔ اس دورے کے دوران وہ اردنی فرمانروا شاہ عبداللہ دوم، اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو، اسرائیلی صدر سمیت دیگر حکام کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے۔