مقبوضہ بیت المقدس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیل نےامریکا کے تعاون سے ’اینٹی بیلسٹک‘ میزائل دفاعی نظام کا کامیاب تجربہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے بتایا کہ ’ایرو 3‘ نامی اس دفاعی نظام کی تیاری میں امریکا نے صیہونی ریاست کے ساتھ بھرپور تعاون کیا ہے۔عبرانی نیوز ویب سائیٹ ’کان‘ کے مطابق نئے فضائی دفاعی نظام کے کامیاب تجربے کے بعد صیہونی ریاست کا دفاع ناقابل تسخیر ہوچکا ہے۔ نئے نظام کی کامیابی کے بعد صیہونی کسی بھی طرف سے داغے گئے بیلسٹک میزائل کو فضاء ہی میں تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
اسرائیلی وزارت دفاع کے ایک عہدیدار بواز لیف نے عبرانی ریڈیو سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اینٹی بیلسٹک میزائل فضاء میں گہرائی تک داغا گیا تاہم یہ میزائل کسی ہدف تک نہیں لگا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تجربے کے دوران ایک فرضی ہدف مقرر کیا گیا تھا۔
اسرائیلی عہدیدار کا کہنا تھا کہ دفاعی نظام کا تجربہ انتہائی پیچیدہ تھا۔ میزائل کو زمین فضائی دائرے سے باہر پھینکا گیا۔ انہوں نے کہا کہ میزائل ٹھیک ہماری توقع کے مطابق نتائج کا حامل ثابت ہوا ہے۔
خیال رہے کہ ’ایرو3‘ دفاعی نظام کا تجربہ دو ماہ میں دو بار ملتوی کیا گیا۔