مقبوضہ بیت المقدس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایران کے ساتھ طے پائے جوہری سمجھوتے سے نکلوانے میں اسرائیل نے کلیدی کردار ادا کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ تل ابیب دوسرے ممالک کو بھی ایران کے جوہری پروگرام پر طے پائے معاہدے سے الگ کرنے کے لیے کوشاں ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی ریڈیو ’کے اے این‘ کی رپورٹ میں نیتن یاھو نے ان خیالات کا اظہار حکمراں جماعت ‘لیکوڈ‘ کے ایک اجلاس سے خطاب میں کیا۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس سے قبل اسرائیلی حکومت کی جانب سے ایران کے جوہری پروگرام سے امریکا کو علاحدہ کرنے کا کوئی بیان جاری نہیں کیا۔ یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے۔
ادھر امریکی وزارت خارجہ نے ایران کی جانب سے تہران پر اقتصادی پابندیوں کے معاملے کو عالمی عدالت انصاف میں لے جانے کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ ایران کے پاس امریکا کے خلاف عالمی فوج داری عدالت میں جانے کا کوئی اصولی جواز نہیں۔ ایران اقتصادی پابندیوں سے بچنے کے لیے مختلف حربے استعمال کررہا ہے۔