غزہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے ابلاغی حلقوں نے سعودی عرب سے نشریات پیش کرنے والے ’العربیہ‘ نیوز چینل کی ’اسرائیل نواز‘ پالیسی کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطین نیشنل پریس کلب کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’العربیہ‘ چینل مظلوم فلسطینی قوم کے حقوق کی ترجمانی کے بجائے فلسطین میں صیہونی ریاست کے قیام اور غاصبانہ قبضے کے حوالے سے اسرائیل کی ترجمانی کررہا ہے۔بیان میں ’العربیہ‘ پر نشرایک دستاویزی فلم کو اسرائیلی مؤقف کی ترجمانی قرار دیا جس میں فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی ریاست کے جرائم کے دفاع کے ساتھ فلسطینی قوم کی آزادی اور حریت کی نفی کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
فلسطین پریس کلب کا کہنا ہے کہ ’العربیہ‘ نیوز چینل عرب اور پورے عالم اسلام کے سب سے بڑے حل طلب مسئلے کے حوالے سے اسرائیلی مؤقف کوآگے بڑھا رہا ہے۔ ہماری سرزمین، مقدسات اور وطن پر قبضے کے حوالے سے جو مؤقف صیہونی ریاست نے اپنا رکھا ہے۔ العربیہ مسلم امہ کے اجتماعی مؤقف سے انحراف کرتے ہوئے صیہونی ریاست کے مؤقف کی حمایت کررہا ہے۔
خیال رہے کہ ’العربیہ‘ پر نشر کی جانے والی ایک دستاویزی فلم’نکبۃ الیہود‘ پرعرب ممالک بالخصوص فلسطینی حلقوں کی طرف سے سخت تشویش کاÂ اظہار کیا گیا ہے۔ اس دستاویزی فلم میں یہ ثابت کرنے کی کوشش کی گئی ہے کہ یہودیوں کو قتل عام کا سامنا تھا جس کے باعث انہیں فلسطین میں قومی وطن قائم کرنے کا مؤقف فراہم کیا گیا۔