جدہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسلامی تعاون تنظیم ’او آئی سی‘ نے اسرائیلی سپریم کورٹ کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس کے نواحی علاقے میں واقع ’الخان الاحمر‘ قصبے کی مسماری کی اجازت دینے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے مجرمانہ فیصلہ قرار دیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل یوسف العثیمین نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’الخان الاحمر‘ کی مسماری کی اجازت دینا غیرقانونی، غاصبانہ پالیسی کو توسیع دینے،نسلی تطہیر، صیہونی آباد کاری، جبری ھجرت، فلسطینیوں کی املاک پر بندوق کی نوک پر قبضہ کرنے کی سازشوں کا حصہ ہے۔انہوں نے عالمی برادری اور مسلمان ممالک پر زور دیا کہ وہ بیت المقدس بالخصوص الخان الاحمر میں فلسطینی آبادی کے جبرا بے دخلی روکنے کے لیے اسرائیل پر دباؤ ڈالے۔
العثیمین نے پیراگوئے کی جانب سے سفارت خانے کی بیت المقدس سے واپس تل ابیب منتقلی کے فیصلے کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ امریکا اور دوسرے ملکوں کو بھیÂ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں عمل درآمد کرتے ہوئے بیت المقدس سے سفارت خانے باہر نکالیں اور القدس کو فلسطینی مملکت کا دارالحکوت قرار دینے کے اقدامات کریں۔