نیویارک (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اقوام متحدہ نے فلسطین سے متعلق اپنی قراردادوں پر عمل درآمد میں تاخیر پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے قراردادوں پر فوری عمل درآمد کا مطالبہ کیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق جنرل اسمبلی کے حالیہ سیشن کے چیئرپرسن ماریا فیرنینڈا اسپنیوزا نے نیویارک میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ فلسطین سے متعلق ’یو این‘ کی قراردادوں پرعمل درآمد نہ ہونا افسوس کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ فلسطین سے متعلق بین الاقوامی قراردادوں پرعمل درآمد کو یقینی بنائے۔انہوں نے کہا کہ ہم فلسطینی قوم کے حقوق کی حمایت کرتے ہیں۔ ہم نے ہمیشہ فلسطین سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں پرعمل درآمد کو یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔ ہمارا پرزور مطالبہ ہے کہ عالمی برادری اقوام متحدہ کے ساتھ فلسطین سے متعلق قراردادوں پرعمل درآمد میں تعاون کرے۔
یو این عہدیدار کا کہنا تھا کہ فلسطین سے متعلق سلامتی کونسل میں قراردادوں کو ویٹو کیا جانا منفی نتائج کا موجب بنا ہے۔ فلسطینیوں کے حقوق کے منصفانہ حصول کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر ان کی روح کے مطابق عمل درآمد نا گزیر ہے۔