رپورٹ کے مطابق اسپین کے تاریخی شہر قرطبہ [مونٹورو] کی خاتون میئر ’’انا ماریا رومیرو اوبریرو‘‘ نے ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کی نسل پرستانہ پالیسیوں پر افسوس ہے۔ ان کی شہری حکومت فلسطینیوں کے مکانات کی مسماری، املاک کی تباہی، اراضی پرغاصبانہ قبضوں اور نہتے شہریوں کے خلاف طاقت کے استعمال اور کریک ڈاؤن پرانہیں افسوس ہے اور وہ اسے عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی سمجھتے ہیں۔
مونٹورو کی میئر کا کہنا تھا کہ وہ فلسطینیوں کے حقوق کی بحالی کے حوالے سے عالمی قوانین اور عالمی قراردادوں پر عمل درآمد کامطالبہ کرتے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ اسرائیل کے بائیکاٹ کے لیے جاری تحریک BDS میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے فلسطینیوں کے خلاف نسل پرستانہ سرگرمیوں کی مذمت کرتے ہیں۔
اسپانوی شہر کی عہدیدار کا کہنا تھا کہ مشرقی بیت المقدس اور مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقوں میں جاری یہودی توسیع پسندی، یہودی آباد کاری اور فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کو نسل پرستانہ سرگرمیوں کا حصہ قرار دے کر اس کی ہرفورم پرمخالفت کرتے ہیں۔
خیال رہے کہ عالمی قوانین کے تحت فلسطینیوں کو ان کےحق خود ارادیت کے ساتھ ساتھ مقبوضہ فلسطینی علاقوں سے اسرائیل کا ناجائز قبضہ ختم کرنے اور فلسطینی شہروں کے درمیان تعمیر کی گئی نسل دیوار ختم کرنی کی کئی قراردادیں بھی موجود ہیں مگرعالمی برادری کی مجرمانہ غفلت اور اسرائیل نوازی کے نتیجے میں ان قراردادوں پرعمل درآمد نہیں ہوسکا ہے۔
