قاہرہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) مصر کے ایک رکن پارلیمنٹ اور ثقافت واطلاعات کی پارلیمانی کمیٹی کے چیئرمین اسامہ ھیکل نے اسرائیل کی میزبانی میں ہونے والے ’یورو ویژن‘ دوستی میلے کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ’یورو ویژن‘ دوستی پروگرام اسرائیل کی میزبانی میں ہو رہا ہے جس میں مصری فن کاروں کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔اپنے ایک بیان میں مصری سیاست دان اسامہ ھیکل نے ریڈیو اینڈ ٹیلی ویژن کارپوریشن سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کے دوستی ثقافتی میلے کا بائیکاٹ کرے کیونکہ اس میلے اور پروگرام کا مقصد فلسطین میں صیہونی آباد کاری کو فروغ دینا ہے۔
ہیکل کا کہنا تھا کہ فلسطین میں صیہونی آباد کاری کی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ہونے والی تقریبات کا بائیکاٹ مسلمہ اصول ہے اور دنیا بھر کے فن کار،سپورٹس کے شعبے سے وابستہ شخصیات، کھلاڑی اور دانشور صیہونی ریاست کا بائیکاٹ کرتے ہیں۔ اس کی تازہ مثال ارجنٹائن کی سپورٹس یونین کے اقدام سے لی جاسکتی ہے جس کے کھلاڑیوں نے القدس میں اسرائیل کے ساتھ دوستی میچ کھیلنے سے انکار کردیا تھا۔ اسی طرح جرمنی کے شہر برلن میں اسرائیلی سفارت خانے میں ہونے والے کنسرٹ ’پوپ کولٹور‘ میں چار یورپی فن کاروں نے شرکت سے انکار کر دیا تھا۔