(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی حکومت نے جیلوں میں فلسطینی قیدیوں کو موبائل کے استعمال سے روکنے کے لیے جیلوں میں جیمر نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس مقصد کے لیے کروڑوں شیکل کی مالیت سے جدید جیمر خریدے جا رہے ہیں۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق جیلوں میں موبائل سروس کی بندش کے لیے جیمر خریدنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ داخلی سلامتی کے وزیر گیلاد اردان نے حال ہی میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران دوسرے ملکوں سے جیمر خریدنے کی منظوری دی۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جیلوں میں موبائل جیمر نصب کرنے کی تجویز جیل خانہ جات کے ڈائریکٹر میجر جنرل عوفرا کلینگر نے ایک ماہ قبل داخلی سلامتی کے وزیر کو پیش کی تھی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ابتدائی طورپر چار جیمر سسٹم خریدے جائیں گے جن پر 12 ملین شیکل کی رقم خرچ ہو گی۔ انہیں نفحہ اور ایچل جیلوں میں نصب کیا جائے گا جہاں فلسطینی اسیران کی اکثریت پابند سلاسل ہے۔