مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیل کے حکمراں اتحاد نے ملک میں قبل از وقت پارلیمانی انتخابات کا امکان ظاہر کیا ہے۔ حکمراں اتحاد کے سربراہ ڈیوڈ پیٹن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حکمراں اتحاد میں شامل بعض جماعتوں کے رہنماؤں کے دھمکی آمیز بیانات سے لگتا ہے کہ ملک میں قبل از وقت انتخابات کا کسی بھی وقت اعلان کیا جاسکتا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق حکمراں اتحاد کے سربراہ نے ان خیالات کا اظہار ایک مذہبی تقریب سے خطاب میں کیا۔ مقبوضہ فلسطینی شہر حیفا میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکمراں جماعت لیکوڈ کسی ایک جماعت کی رائے سب پرمسلط نہیں کرے گی۔ اگر دیگر سیاسی جماعتوں نے قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ کیا تو کسی بھی وقت انتخابات کا اعلان کیا جاسکتا ہے۔ڈیوڈ پیٹن کا کہنا ہے کہ حکمراں اتحاد میں شامل’جیوش ہوم‘ اور ’کولانو‘ کا خیال ہے کہ حکومت انہی دو جماعتوں کے بل بوتے پر قائم ہے۔ وہ موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے سیاسی فوائد حاصل کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔
خیال رہے کہ حال ہی میں اسرائیل میں کیے گئے رائے عامہ کے ایک جائزے میں کہا گیا ہے کہ اگر آج اسرائیل میں دوبارہ انتخابات ہوتے ہیں تو موجودہ حکمراں اتحاد مل کر بھی 60 سے زائد نشستیں حاصل نہیں کرسکے گا۔
سروے جائزے کے مطابق لیکوڈ کی متوقع نشستیں 30 سے کم ہو کر 22 پر آجائیں گی۔’کولانو۔ کلنا‘10 سے کم ہو کر 7 پر آسکتی ہے۔
جیوش ہوم کی نشستیں بڑھ سکتی ہیں جو 8 کے بجائے 11 نشستوں پر کامیابی حاصل کرسکتی ہے تاہم اگر وہ نیتن یاھو سے اتحاد برقرار رکھے گی تو اس کی نشستیں بھی کم ہوسکتی ہیں۔