اردنی پارلیمنٹ کی جانب سے اسرائیل سے سفارتی تعلقات ختم کرنے کے مطالبے کا فلسطینی مجلس قانون ساز کی جانب سے بھی خیر مقدم کیا گیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی مجلس قانون ساز کے ڈپٹی اسپیکر ڈاکٹر احمد بحر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہےکہ تمام عرب ممالک کو اسرائیل کا ہر سطح پر بائیکاٹ کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اردنی پارلیمنٹ نے اسرائیل سے سفارتی تعلقات توڑنے کا مطالبہ کرکے یہ ثابت کیا ہے کہ صہیونی ریاست کے ساتھ دوستی کسی مفاد میں نہیں ہے۔ سفارتی تعلقات کے باوجود اسرائیل انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا مرتکب ہو رہا ہے۔ احمد بحر کا کہنا تھا کہ اردنی پارلیمنٹ کا مطالبہ انسانی حقوق کے اداروں کے ان مطالبات سے ہم آہنگ ہے جس میں صہیونی ریاست کا ہر سطح پر بائیکاٹ کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
فلسطینی ڈپٹی اسپیکر نے ان تمام مسلمان اور عرب ممالک سے اسرائیل سے سفارتی تعلقات توڑنے کا مطالبہ کیا جو اسرائیل کے ساتھ نام نہاد امن معاہدوں کے پابند ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل مسجد اقصیٰ پرمستقل قبضے کی سازش تیار کررہا ہے۔فلسطین میں غیرقانونی یہودی آباد کاری کا عمل بھی جاری ہے اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں ہو رہی ہیں۔ اس کے بعد صہیونی ریاست کے ساتھ سفارتی تعلقات کے قیام کا کوئی جواز نہیں بچا ہے۔