(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) برطانیہ میں لبرل ڈیموکریٹک پارٹی کی رکن جینیفر ٹینگ نے دارالامرا میں تقریر کرتے ہوئے صیہونی حکومت کے جارحانہ طرزعمل کو دہشت گردی اور انتہا پسندی بڑھنے کا اصلی سبب قرار دیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق جینیفر ٹینگ نے جمعہ کے روز ہاؤس آف لارڈز میں تقریر کے دوران نہتے فلسطینی بچوں پراسرائیلی فوجیوں کے حالیہ حملوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینیوں کے ساتھ اسرائیلیوں کا رویہ دہشت گردی اورانتہا پسندی بڑھنے کا اصلی سبب ہے۔انھوں نے صیہونی حکومت کی تشدد پسندانہ پالیسی کے مقابل فلسطینی بچوں کے دفاعی ردعمل کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی بچوں کو ردعمل ظاہر کرنے کے لیے تربیت لینے کی ضرورت نہیں ہے۔ ان کے چاروں طرف بےرحمی پھیلی ہوئی ہے اور ان کے والدین کے ساتھ توہین آمیز سلوک کیا جاتا ہے۔
ہاؤس آف لارڈز کی رکن جینیفر ٹینگ نے مزید کہا کہ اسرائیلی ہر روز فلسطینیوں کے گھروں اور کھیتوں کو تباہ کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ انھوں نے اس سے پہلے برطانوی حکومت کی جانب سے صیہونی حکومت کی حمایت کی بھی مذمت کی تھی۔