مقبوضہ بیت المقدس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی کنیسٹ (پارلیمنٹ) نے ایک متنازع آئینی بل کی منظوری دی ہے جس کے تحت اسرائیل کو صیہونیوں کا قومی ملک قرار دیا گیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق گذشتہ روز اسرائیلی کنیسٹ میں ایک بل پیش کیا گیا جس میں اسرائیل کو صیہونی ریاست قرار دینے کی سفارش کی گئی ہے۔ اس مسودہ قانون پر ابتدائی رائے شماری کی گئی اور اسے منظور کر لیا گیا ہے۔نام نہاد مسودہ قانون کی حمایت میں ایوان میں 64 ارکان نے ووٹ ڈالا جب کہ 50 نے اس کی مخالفت کی۔
اس قانون میں عربی زبان کو سرکاری زبان کے بجائے ایک مخصوص علاقائی زبان قرار دیا گیا جب کہ اسرائیل کو یہودیوں کا قومی وطن قرار دیا گیا۔ آئینی بل میں کہا گیا ہے کہ صیہونیوں کو اسرائیل کی شکل میں اپنا قومی ملک بنانے اور حق خود ارادیت کے حصول کا حق ہے۔
خیال رہے کہ اسرائیل کو صیہونی ریاست کے طورپر تسلیم کرانے کے لیے انتہا پسند صیہونی کافی عرصےسے سرگرم ہیں۔ اس حوالے سے اسرائیلی حکومت اور قانون ساز ادارے بھی پیش پیش رہے ہیں۔ یہ پہلا موقع نہیں کہ صیہونی پارلیمنٹ میں اسرائیل کو صیہونیوں کا قومی ملک تسلیم کیا گیا بلکہÂ ماضی میں اس طرح کے کئی دوسرے حربے بھی اختیار کیے جاتے رہے ہیں۔