مقبوضہ بیت المقدس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی وزیر دفاع آوی گیڈور لائبرمین نے عمر قید کے سزا یافتہ فلسطینی اسیران کی قید کی مدت میں کمی کی تجویز مسترد کردی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ فلسطینی اسیران کو دی جانے والی عمر قید کی سزا میں تخفیف کے لیے کمیشن کے قیام کی حمایت نہیں کریں گے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ایک بیان میں لائبرمین کا کہناÂ تھا کہ جب تک میں وزیر دفاع ہوں تب تک فلسطینی قیدیوں کی سزا میں کوئی تخفیف نہیں ہونے دوں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی قیدی اپنی سزا پوری کریں گے۔ ان کی سزا میں ایک گھنٹہ کی بھی تخفیف نہیں کی جاسکتی۔خیال رہے کہ اسرائیلی وزیر دفاع نے ملٹری جوڈیشل سسٹم کی جانب سے پیش کی گئی اور تجویز کے جواب میں یہ بیان جاری کیا ہے۔ جوڈیشل کونسل کی جانب سے حال ہی میں یہ تجویز دی گئی تھی کی طویل عرصہ اسرائیلی جیلوں میں عمر قید کاٹنے والے فلسطینیوں کی سزا میں تخفیف کی جا سکتی ہے تاہم وزیر دفاع نے تجویز مسترد کردی تھی۔ اسرائیلی جیلوں میں عمر قید کے سزا یافتہ فلسطینیوں کی تعداد 500 ہے۔