رپورٹ کے مطابق اسرائیلی پولیس کا کہنا ہے کہ سائبر کرائم سیل کی نشاندہی پر اندرون فلسطین سے ایک نوجوان کو حراست میں لیا ہے۔ وہ فیس بک پر اسرائیلی فوج، سیکیورٹی اداروں اور حکومت کے خلاف اشتعال انگیز مواد پوسٹ کرتے ہوئے فلسطینیوں کو اسرائیل کے خلاف حملوں پر اکسانے میں ملوث ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فلسطینی نوجوان کی عمر 22 سال ہے جسے اندرون فلسطین کے ’’اعبلین‘ قصبے سے حراست میں لیا گیا۔ زیرحراست فلسطینی نوجوان کو جلد ہی عدالت میں پیش کرکے اس کا مزید ریمانڈ حاصل کیا جائےگا۔
خیال رہے کہ صہیونی فوج کے ’’سائبر سیل‘‘ نے فلسطینی سماجی کارکنوں کے تعاقب کے لیے 5 ہزار جعلی اکاؤنٹس کھول رکھے ہیں، جن کی مدد سے فلسطینی نوجوانوں کے بارے میں معلومات حاصل کرکے انہیں گرفتار کیا جا رہا ہے۔اسرائیلی حکام کاکہنا ہے کہ وہ سائبر سیل کے ذریعے فلسطینیوں میں اسرائیل کے خلاف فدائی حملوں کی تشہیر کی مہم کو روکنے کی کوشش کررہے ہیں۔
گذشتہ برس اسرائیلی پولیس نے مقبوضہ بیت المقدس سے 40 فلسطینی شہریوں کو فیس بک پر سرگرمیوں کے الزام میں حراست میں لیا تھا۔ ان میں سے بیشتر کو کئی کئی ماہ کی سزائیں سنائی گئی ہیں۔