مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ جزیرہ النقب میں اسرائیلی فوج، پولیس اور دوسرے سیکیورٹی اداروں کی مشترکہ مشقیں آج سے شروع ہوگئی ہیں۔ چار روز تک جاری رہنے والی یہ مشقیں بدھ کو اختتام پذیر ہوں گی۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج کے ترجمان کے مطابق فوجی مشقیں آج اتوار کو جزیرہ نما النقب میں شروع ہوئی ہیں جو آئندہ بدھ تک جاری رہیں گی، ان مشقوں میں فوج، پولیس اور دوسرے قانون نافذ کرنے والے ادارے حصہ لے رہے ہیں۔عبرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق جزیرہ نما النقب میں مشقیں فلسطینیوں کی جانب سے گاڑیوں تلے کچلے جانے، پٹرول بم حملوں، فائرنگ اور سنگ باری کی روک تھام کے تناظر میں کی جا رہی ہیں۔
جزیرہ نما النقب میں اسرائیلی فوج کی طرف سے مشقوں کے تحت خطرے کے الارم بھی بجائے جائیں گے۔ کل بدھ کو مقامی وقت کے مطابق دن گیارہ بج کر پانچ منٹ پر غزہ کے اطراف میں بھی خطرے کے سائرن بجا کر صہیونی آبادی کو متنبہ کیا جائے گا۔