(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیل کے دیمونا جوہری پلانٹ کی ایک ذیلی تنصیب سے "امونیا” نامی ایک خطرناک زہریلی گیس کے اچانک اخراج سے "عتلیت” یہودی کالونی میں ہنگامی حالت نافذ کرتے ہوئے یہودیوں کو گھروں سے باہر نکلنے سے سختی سے روک دیا گیا۔ مقامی ٹرین سروس بند کردی گئی اور ساحل سمندر پر موجود لوگوں کو بھی وہاں سے ہٹا دیا گیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق "امونیا” گیس کا اخراج جوہری پلانٹ کے پائپ لیکج کے باعث ہوا۔ جس کے بعد فائر بریگیڈ کا عملہ اور متعلقہ حکام کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔رپورٹ کے مطابق علاقے کو خالی کرالیا گیا اور عتلیت یہودی کالونی کےیہودیوں کو گھروں سے باہر نکلنے سے روک دیا گیا۔ زہریلی گیس کے اخراج سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا تاہم گیس کی لیکج بند ہونے تک یہودیوں کو گھروں کے اندر محصور ہونا پڑا تھا۔
اسرائیلی وزارت ماحولیات کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گیس کا اخراج معمولی نوعیت کا تھا جس سے مقامی آبادی کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچا ہے۔
