(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی پولیس نے کنیسٹ (پارلیمنٹ) کے ارکان کے مسجد اقصیٰ میں داخلے پرعائد پابندی کے فیصلے کی غیر معینہ مدت تک توسیع کردی ہے۔ اسرائیلی پولیس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد مسجد اقصیٰ میں امن وامان قائم رکھنا اور کسی بھی ناخوش گوار واقعے اور بدامنی سے بچنا ہے۔
رپورٹ میں بتایا کہ اسرائیلی ارکان کنیسٹ کو مسجد اقصیٰ میں داخلے سے روکنے کا فیصلہ تمام سیکیورٹی اداروں کی مشاورت کے بعد کیا گیا ہے۔ اسرائیل کے انسپکٹر جنرل پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے ارکان کنیسٹ کے قبلہ اوّل میں داخلے پرعائد پابندی میں توسیع کا فیصلہ حکومت کے مشیر قانون کی مشاورت کے بعد کیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد حرم قدسی میں کسی قسم کی اشتعال انگیزی سے بچنا ہے۔
خیال رہے کہ اسرائیلی پولیس نے چند ہفتے قبل ایسٹر کے موقع پر اسرائیلی ارکان کنیسٹ اور دیگر اہم شخصیات کے مسجد اقصیٰ میں داخل ہونے پرپابندی عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ سیکیورٹی وجوہات کی بناء پر ارکان پارلیمنٹ کو حرم قدسی میں داخل ہونے سے روکا گیا ہے۔
