عمان – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیل کی جزیرہ نما النقب جیل میں دو سال تک پابند سلاسل رہنے والے اردنی شہری ثائر الحویطی کو رہا کردیا گیا جس کے بعد وہ واپس عمان پہنچ گئے ہیں۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی جیلوں میں قید اردنی شہریوں کے دفاع کے لیے قائم کمیٹی کے ترجمان فادی فرح نے بتایا کہ ثائر الحویطی کو پرسوں بدھ کو رہا کیا گیا تھا جس کے بعد وہ عمان پہنچ گئے ہیں۔فادی فرح نے بتایا کہ الحویطی کو اسرائیلی فوج نے 2015ء میں غرب اردن میں اپنے اقارب سے ملاقات کے لیے جاتے ہوئے حراست میں لیا تھا، بعد ازاں اسرائیل کی ایک عدالت نے اسے دو سال قید کی سزا سنائی تھی۔
فادی فرح نے بتایا کہ اس وقت بھی اسرائیلی جیلوں میں 23 اردنی شہری پابند سلاسل ہیں۔انہوں نے اردنی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ اسرائیلی جیلوں میں قید اردنی شہریوں کی رہائی کا معاملہ دوبارہ اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ عمان وزارت خارجہ کی طرف سے اسرائیلی جیلوں میں قید شہریوں کی رہائی کے لیے محض دعوے ہی کیے جاتے ہیں عملا کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا۔