(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) یورپی یونین نے فلسطینی علاقوں میں صیہونی حکومت کی صیہونی بستیاں تعمیر کرنے کی سرگرمیوں کو روکنے پر زور دیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ فیڈریکا موگرینی نے مشرقی قدس میں سات سو ستّر نئے گھر بنانے کے صیہونی حکومت کے فیصلے پر ردعمل ظاہرکرتے ہوئے اس حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ دریائے اردن کے مغربی کنارے میں صیہونی بستیوں کی تعمیر روک دے۔فیڈریکا موگرینی نے صیہونی حکومت کی بستیاں تعمیرکرنے کی پالیسی جاری رہنے کو آزاد فلسطینی ریاست کے قیام میں رکاوٹ قرار دیا اور کہا کہ اسرائیل کو دریائے اردن کے مغربی کنارے اور بیت المقدس میں ان پالیسیوں کو روکنے کے سلسلے میں چار فریقی بین الاقوامی کمیٹی کے مطالبے پر عمل کرنا چاہیے۔ اس کمیٹی نے کچھ عرصہ قبل فلسطینی علاقوں میں صیہونی بستیوں کی تعمیر کو غیرقانونی اور بین الاقوامی اصول و قوانین کے منافی قرار دیا تھا۔
واضح رہے کہ یورپ کی جانب سے صیہونی حکومت کی صیہونی بستیاں تعمیر کرنے کی پالیسی پر اعتراض ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے کہ جب خلیج فارس تعاون کونسل کے رکن عرب ملکوں نے اپنے حالیہ اجلاس میں اس موضوع پر حتی ایک لفظ کہنے سے بھی گریز کیا۔ جبکہ سعودی عرب کے ایک وفد نے حال ہی میں اسرائیل کا خفیہ دورہ کیا ہے جس پر عالم اسلام میں کافی تنقید کی جا رہی ہے۔