مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیل کی ایک تعمیراتی کمپنی نے امریکی انتظامیہ کو پیش کش کی ہے کہ وہ میکسیکو کی سرحد پر دیوار کی تعمیر کے لیے اپنی خدمات پیش کرنے کو تیار ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیل کی تعمیراتی وسیکیورٹی آلات فراہم کرنے والی کمپنی ’ماگال‘ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ میکسیکو کی سرحد پر دیوار تعمیر کرنے کے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اعلان پرعمل درآمد میں ہرممکن تعاون اور اپنی خدمات فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔غیرملکی خبر رساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق امریکی کمپنی ’سینسٹر‘ نے اسرائیلی کمپنی ’ماگال‘ سے کہا تھا کہ وہ سرحدی سیکیورٹی کے حوالے سے ’فائبرپٹرول‘ نامی اپنا سسٹم آج منگل کے روز ریاست ورجینیا میں ہونے والی کانفرنس میں پیش کرے تاکہ اس کی منظوری پر بات آگے بڑھائی جاسکے۔
خیال رہے کہ ’ماگال‘ نامی اسرائیل کمپنی کو گذشتہ برس موسم گرما میں غزہ کی پٹی کے گرد دیوار کی تعمیر کے دوران سیکیورٹی Â آلات کی فراہمی کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔ اس کمپنی نے غزہ کے گرد دیوار کی تعمیر کے دوران جدید مواصلاتی آلات، کیمروں اور مانیٹرنگ کے لیے مصنوعی سیاروں کی وافر تعداد فراہم کی تھی۔ اس کے علاہ غرب اردن میں قائم دیوار فاصل کی تعمیر کے دوران بھی ’ماگال‘ مرکزی ٹھیکیداروں میں شامل رہی ہے۔
امریکی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو سارکوچ نے امریکی وزارت داخلہ اور سیکیورٹی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ اسکندریہ کانفرنس میں ملٹری مصنوعات سازی میں سرگرم کمپنیاں بھی شرکت کریں گی۔
خیال رہے کہ گذشتہ جمعہ کو ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریب حلف برداری کے بعد ماگال کمپنی کے حصص میں یک دم 5.6 فی صد اضافہ ہوگیا تھا۔