فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطینی پارلیمنٹ کے رکن اور غزہ کی ناکہ بندی اٹھانے کے لیے قائم کردہ قومی کمیٹی کے چیئرمین جمال الخضری نے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی کے لیے امدادی سامان کے ہمراہ آنے والے خواتین کے دو بحری قافلوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے عالمگیر مہم چلانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے غزہ کی پٹی میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم عالمی برادری سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ محصورین غزہ کی مدد کے لیے آنے والے امدادی جہازوں کو صہیونی ریاست کی جارحیت سے بچانے کے لیے ہرممکن اقدامات کریں۔
رپورٹ کے مطابق یورپی اور عرب ممالک کی سیاسی ، سماجی اور انسانی حقوق کی نمائندہ خواتین کی زیرنگرانی دو امدادی جہاز 14 ستمبر کو اسپین کی بارسلونا بندرگاہ سے روانہ ہوئے ہیں۔ دونوں امدادی جہاز گذشتہ روز فرانس پہنچے۔ اس وقت امدادی جہازوں پر امدادی سامان کے ساتھ 30 خواتین بھی سوار ہیں۔
