لاہور – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مظلوم عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے پاک ایران فیڈریشن آف ٹریڈ اینڈ کلچر کی جانب سے لاہور میں فلسطین کانفرنس کا اہتمام کیا گیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق کانفرنس میں نامور شخصیات، شہریوں کی بڑی تعداد اور اقلیتی برادری (ہندو، عیسائی) سے تعلق رکھنے والے حضرات نے بھی شرکت کی۔ کانفرنس کی صدارت ایران پاک فیڈریشن آف کلچر اینڈ ٹریڈ کے صدر خواجہ حبیب الرحمان نے کی۔ تقریب سے جاوید اکبر ساقی صدر تحریک وحدت اسلامی، مولانا حیدر علی موسوی خطیب مسجد شیعیان کشمیریاں، خواجہ شکیل چئیرمین فوڈ سٹریٹ لاھور، لعل مھدی خان جنرل سیکرٹری امامیہ آرگنائزیشن پاکستان، پیر جان علی شاہ صاحب صدر جمعیت علمائے پاکستان نیازی پنجاب، محمد حسین گولڑوی صدر اتحاد سنی علما کونسل، علامہ رائے مزمل، امجد حسین چشتی جنرل سیکرٹری جمعیت علمائے پاکستان (نیازی)، شہزاد منشی مسیح ممبر پنجاب اسمبلی، بھگت لال پنڈت مندر نیلا گنبد نے خطاب کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ امام خمینی ؒنے جمعۃ الوداع کے دن کو یوم القدس قرار دے کر استعمار کی سازشوں کو نقش برآب ثابت کر دیا۔ جمعۃ الوداع کے دن یوم القدس منانے کے اعلان نے دنیا بھر میں ایک بار پھر فلسطین کے مسئلے کو زندہ کر دیا،بحیثیت مسلمان ہم پر لازم ہے کہ جمعۃ الوداع یوم القدس کی ریلیوں میں بھرپور شرکت کریں اور فلسطینی بھائیوں کے حق میں صدائے احتجاج بلند کریں اور اس دن کو معمولی نہ سمجھیں۔ یہ بات امت مسلمہ کو خون کے آنسو رلاتی ہے وہ علاقے کے عرب ممالک کے حکمرانوں کا منافقانہ رویہ ہے، عرب ممالک کے سربراہ یوں تو اپنے ہر مسئلے کو عربوں کا مسئلہ قرار دے کر اس کیلئے شب و روز کوششیں کرتے ہیں اور پورے عالم اسلام کو اپنی مظلومیت کا ڈھنڈورا پیٹ کر مدد مانگتے ہیں لیکن فلسطین کے مسئلے پر ان کا رویہ ہمیشہ منافقانہ رہا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک ایران فیڈریشن آف ٹریڈ اینڈ کلچر کے صدر خواجہ حبیب الرحمان نے کہا کہ مسئلہ فلسطین پر عالمی اداروں کی خاموشی، عرب حکمرانوں کا منافقانہ رویہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کے دوہرے معیار اور عالمی برادری کی عدم توجہ اس بات کا تقاضا کرتی ہے کہ امت مسلمہ اتحاد و وحدت اور اسلامی یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فلسطین کے مسئلے کے حل کیلئے میدان عمل میں آ جائے۔ یاد رہے کہ غاصب اسرائیل نے 1948 سے فلسطین پر قبضہ کر رکھا ہے اور حضرت امام خمینی کی دور اندیش قیادت نے فلسطین کے مسئلے کو عالمی اور تمام امت مسلمہ کا مشترکہ مسئلہ قرار دینے کیلئے رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو دنیا بھر میں فلسطینی مظلوموں کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے یوم القدس منانے کا اعلان کیا۔