مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) صیہونی ذرائع ابلاغ نے، جو تہران میں انتفاضہ فلسطین کی حمایت میں منعقدہ کانفرنس پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں، اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ تہران کانفرنس اس سے قبل کی کانفرنسوں کے مقابلے میں زیادہ وسیع پیمانے پر منعقد ہوئی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق صیہونی ذرائع ابلاغ کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ انتفاضہ فلسطین کی حمایت میں تہران کانفرنس جو منگل کو شروع ہوئی ہے، بے مثال رہی ہے جس میں اسلامی مزاحمتی تحریک حماس اور جہاد اسلامی فلسطین کے حکام اور خصوصی وفود سمیت اعلی سطح کے اسّی وفود نے شرکت کی ہے۔صیہونی ذرائع ابلاغ نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ اس کانفرنس میں ایرانی سپریم لیڈر سید علی خامنہ ای نے اسرائیل کے وجود کے خاتمے کی ضرورت پر تاکید کی ہے، رپورٹ دی ہے کہ اس میں شک نہیں کہ فلسطین کے بارے میں اس سے قبل کی کانفرنسوں کے مقابلے میں انتفاضہ فلسطین کی حمایت میں منعقدہ چھٹی کانفرنس کے زیادہ وسیع اثرات مرتب ہوں گے۔
صیہونی ذرائع ابلاغ نے اعلان کیا ہے کہ سید علی خامنہ ای نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ تیسری انتفاضہ، صیہونی حکومت کے لئے ایک اور شکست پر منتج ہو گی اور عنقریب تاریخ سے صیہونی حکومت کا ناپاک وجود ختم ہو جائے گا۔
ان ذرائع ابلاغ نے کہا ہے کہ سپریم لیڈر سید علی خامنہ ای نے فلسطینیوں میں اتحاد کی ضرورت پر تاکید فرمائی ہے اور فلسطینیوں کی مزاحمتی تحریکوں کی حمایت کو واجب قرار دیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ دنیا کے اسّی ملکوں کے حکام اور اہم شخصیات کی شرکت سے تہران میں انتفاضہ فلسطین کی حمایت میں چھٹی دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس منگل کے روز سپریم لیڈر سید علی خامنہ ای کے عظیم خطاب سے شروع ہوئی تھی۔