مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی فوج نے حال ہی میں تشکیل دی گئی ’سریع الحرکت‘ کوئک رسپانس یونٹ‘ کو فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور اردن کی سرحد پر تعینات کیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق عبرانی زبان میں شائع ہونے والے موقر اخبار’معاریو‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ فوج کی ’کوئک رسپانس یونٹ‘ کو ’ٹام‘ کا نام دیا گیا ہے۔ یہ یونٹ اسرائیل کے خلاف ہونے والی مزاحمتی کارروائیوں کی روک تھام کے لیے فوری حرکت میں آنے کے لیے تشکیل دی گئی ہے۔ اس یونٹ کو اردن کی سرحد پر تعینات کیا جا رہا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ’کوئک رسپانس یونٹ‘ کا شمار اسرائیل کی ایلٹ یونٹوں میں ہوتا ہے۔ اس میں ریزور فوج کے اہلکار شامل ہیں۔ اس یونیٹ میں اردن کی سرحد کے قریب واقع صہیونی کالونیوں کے آباد کاروں کو بھرتی کیا جائے گا۔
اردن اور فلسطین کی پوری سرحد بالخصوص وادی اردن اور بیسان کے علاقے میں کوئک رسپانس یونٹ کے اہلکار تعینات کیے جائیں گے جو کسی بھی’دہشت گردانہ‘ سرگرمی کے خلاف فوری حرکت میں آئیں گے۔
’معاریو‘ کے مطابق کویک رسپانس یونٹ انسداد دہشت گردی یونٹ ہی کی طرح کی ایک یونٹ ہے۔ انسداد دہشت گردی یونٹ اس وقت جنوبی فلسطین کے دور دراز علاقوں، ایلات شہر اور مصر کی سرحد پر تعینات ہے۔
